اسلامی

اسلام قبول کرنے والی امریکی گلوکارہ کی تلاوتِ قرآن پاک کی ویڈیو مقبول

چھ سال قبل عرب دنیا کے سب سے بڑے میوزیکل شو ’عرب گاٹ ٹیلنٹ‘ میں شرکت کرکے صاف عربی زبان میں گانا گا کر سب کو حیران کرنے والی گلوکار جینیفر جراوت کی حال ہی میں 2 ویڈیوز سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہوئی ہیں۔

جینیفر جراوت کی سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی دونوں ویڈیوز دیکھنے کے بعد دنیا بھر سے کئی افراد نے ان کی تعریف کی اور انہیں سراہا۔

دونوں ویڈیوز میں جینیفر جروات کو قرآن پاک کی تلاوت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ویڈیو میں جینیفر جراوت کو آیت الکرسی جبکہ دوسری ویڈیو میں قرآن پاک کے پہلے پارے کی پہلی سورہ ’البقرہ‘ کی آیت نمبر 285 سے 286 تک تلاوت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

سورہ بقرہ کی تلاوت کے دوران جینیفر جراوت کے سر پر دوپٹہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

سورہ بقرہ کی تلاوت کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے جینیفر جراوت نے لکھا کہ انہوں نے اس ویڈیو میں مصر کے شہرہ آفاق قاری محمد صدیق المنشاوی کی طرح قرآن پاک کی تلاوت کرنے کی کوشش کی ہے۔

مصر سے تعلق رکھنے والے محمد صدیق المنشاوری اپنی منفرد تلاوت کے باعث دنیا بھر میں منفرد شہرت رکھنے والے قاری تھے، جو 1969 کو وفات پا گئے تھے۔

محمد صدیق المنشاوی کی پرسوز آواز میں سورہ بقرہ کی آیت 285 سے 286 کی ویڈیو بھی دنیا بھر میں بے حد مقبول ہے اور گلوکارہ جینیفر جراوت نے بھی ان ہی آیات کو پرسوز آواز میں پڑھ کر لوگوں کے دل جیت لیے۔

Back to top button