صحت

سینے کی جلن اورتیزابیت کا سستا ترین علاج

اکثر زیادہ عمر کے افراد یا جو افراد گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں ان کا معدہ کمزور ہو جاتا ہے جس کے باعث کھانے کے بعد انہیں بد ہضمی اور سینا جلنے جیسی شکایات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان مسائل کا حل آپ ہی کے کچن کی دو سستی ترین اشیا میں موجود ہے۔

کھانا ہضم کرنے کے لیے معدہ جو ایسڈ ریلیز کرتا ہے اگر اس کی مقدار کم ہو جائے یا معدہ کھانا ہضم کرنے کے لیے کمزور ہوتو یہ شکایت ہر کھانے کے بعد ہوتی ہے، تیزابیت ہونے کا ایک سبب خالی پیٹ بھی رہنا ہے تو مندرجہ ذیل دو اجزا سے بنی چائے کو اپنی روٹین میں شامل کر لیں اور ان مسائل سے چھٹکارہ حاصل کریں۔

اجوائن اور سونف کی چائے

اجوائن میں تھائمول معدے میں ’ گیسٹرک جوس ‘ کی مناسب مقدار بناتا ہے جس سے معدے کو کھانا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے، اجوائن پیٹ کے جملہ امراض میں مفید ہے اور اکثر کھانوں میں استعمال بھی کی جاتی ہے۔

ٹھنڈی تاثیر رکھنے والی خوش ذائقہ سونف کے بے شمار فوائد ہیں، معدے کی بیماریوں، پیٹ کا پھول جانا، قبض کی شکایت دور کرنے سمیت اس میں بد ہضمی اور تیزابیت کا بھی علاج موجود ہے جبکہ سونف بینائی تیز کرنے کے لیے بھی بہترین غذا ہے۔

استعمال کا طریقہ

سونف اور اجوائن کی چائے بنانے کے لیے ایک گلاس پانی میں آدھا کھانے کا چمچہ سونف اور اجوائن ملا کر اسے ابال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر استعمال کریں۔

اجوائن اور سونف کو ملا کر ثابت چبایا بھی جا سکتا ہے۔

شیر خوار بچوں کو اگر پیٹ میں درد یا گیس کی شکایت ہو تو انہیں سونف کا پانی پلایا جا سکتا ہے جس سے فوراً آرام ملتا ہے۔

Back to top button