اسلامیپاکستان

مفتی محمد تقی عثمانی کا بااثر مسلم شخصیات میں پہلا نمبر

سال 2020 کی دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست جاری کردی گئی۔

عالمی اسلامی تنظیم رائل آل البیت انسٹی ٹیوٹ کے تحقیقی سینٹر کی جانب سے سال 2020 کی دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست جاری کردی گئی۔

مشرق وسطیٰ کے ملک اردن میں موجود عالمی اسلامی تنظیم کے ذیلی تحقیقی ادارے (دی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز) کی جانب سے 2020 کی بااثر مسلم شخصیات میں پہلے نمبر پر پاکستانی عالم دین مفتی محمد تقی عثمانی ہیں۔

دی رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز کی جانب سے جہاں 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست جاری کی گئی ہے، وہیں اسی تنظیم کی جانب سے مسلم ’وومن آف دی ایئر‘ اور مسلم ’مین آف دی ایئر‘ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

تنظیم کی جانب سے امریکی کانگریس رکن راشدہ طالب کو ’وومن آف دی ایئر‘ جب کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو ’مین آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔

تنظیم نے راشدہ طالب اور وزیر اعظم عمران خان کی سیاسی و سماجی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں دنیائے اسلام کی نئی نسل کے لیے بااثر شخصیات قرار دیا ہے۔

تنظٰم کی جانب سے جاری کی گئی 500 بااثر مسلم شخصیات میں سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز، ترک صدر رجب طیب اردوان، ایران کے آیت اللہ خامنہ ای، عمان کے سلطان قبوس بن سعد، سعودی عالم شیخ سلمان القائدہ، قطر کے امیر شیخ تمیم بن حامد، انڈونیشیا کے صدر جو کو ودود، الاظہر یونیورسٹی مصر کے عالم شیخ ڈاکٹر احمد محمد الطیب اور نائیجیریا کے صدر محمد بوہاری سمیت دیگر مسلم رہنما اور شخصیات شامل ہیں۔

فہرست میں شامل شخصیات کو ان کی خدمات اور اثر و رسوخ کی بنا پر فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔

Back to top button