پاکستان

پاکستان کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہوگا، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اب کبھی کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہوگا اب ملکوں کے درمیان امن پیدا کرنےوالاملک بنے گا ۔

عمران خا ن نے کہا کہ جنگ میں کوئی فاتح نہيں ہوتا ، پاکستان کی سب سے بڑی کوشش سعودی عرب اور ایران میں دوستی کرانا ہوگی جبکہ ہم نے ٹرمپ کو ایران اور امریکا کی دوستی کروانے کی پیشکش بھی کی تھی ۔

اسلام آباد میں ہنر مند پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کی زندگی میں اچھے برے وقت آتے ہیں، سکون کی زندگی صرف قبر میں ہی ہوتی ہے، جبکہ انسان کی زندگی میں برا وقت اصلاح کے لیے آتا ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے، روڈ میپ دے رہا ہوں کہ کیسے عظیم قوم بننا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جیسے جیسے پیسا آئے گا تعلیم، صحت اور ٹیکنیکل ایجوکیشن پر زیادہ پیسا خرچ ہوگا، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو تربیت دیں گے، 500 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کھولیں گے جبکہ 70 سینٹرز پہلے مرحلے میں مدرسوں میں کھولیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے ہنر مند پاکستان کے لیے 30 ارب روپے دیئے ہیں، پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے استعمال ہوں گے، اس سے تنخواہ دار لوگوں کو گھر بنانے کے لیے بینک سے قرضےملیں گے اور اس سے 40 صنعتیں چل پڑیں گی ساتھ ہی ملک میں بے روزگاری ختم ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا میں پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، ریاست مدینہ انصاف اور انسانیت کے اوپر کھڑی تھی اور ہم نے کمزور اور غریب طبقے کا خیال رکھنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹا ساطبقہ امیر ہوتا گیا، اس لیے ملک میں برکت نہیں آئی، ہم نے 190 ارب روپے غریب طبقے کو اوپر لانے کے لیے خرچ کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مشکل وقت ہے، ایک سال پہلے پناہ گاہ بنانا شروع کی تھی اور اب پنجاب اور کے پی میں 170 پناہ گاہیں بن چکی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ گورنمنٹ نے کل یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی دی ہے اور اب تک ہم 60 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دے چکے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم غریب بستیوں میں لنگر کھول رہے ہیں کہ لوگ کم از کم بھوکے نہ سوئیں، اب اگلا مرحلہ لوگوں کو روزگار دینے کا ہے اور ہم نے اگلے چار سال میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال ہوگیا، بدقسمتی سے قانون عدالت میں پھنسا ہوا ہے، امید ہے لاہور ہائی کورٹ اس کا فیصلہ کردے گی۔

Back to top button