پاکستان

پنجاب میں نمبرداری نظام لانے کا فیصلہ ہو گیا

لاہور:  پنجاب میں نمبرداری نظام کو فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا، وزیراعلیٰ نے نمبرداری نظام کو فعال بنانے کے لئے اقدامات کی منظوری دے دی۔ پینتالیس ہزار کے قریب نمبر داروں کو اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔

بزدار سرکار پنجاب میں تبدیلی کے خواہاں، صوبے میں نمبرداری نظام فعال بنانے کا فیصلہ، وزیراعلی عثمان بزدار نے اقدامات کی منظوری دے دی۔ نظام متحرک کر کے نمبردار کو اہم حکومتی اقدامات میں پارٹنر بنایا جائے گا۔ 14کے قریب اہم ذمہ داریاں نمبرداری نظام کے تحت سرانجام دی جائیں گی۔ 45 ہزار کے قریب نمبرداروں کو اہم ذمہ داریاں ملیں گی۔نمبرداری نظام کو فعال بنا کر سرکاری واجبات کی وصولی کوتیز کیا جائے گا۔ ناجائز تجاوزات، سرکاری عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ بھی نمبرداری نظام کے ذمے ہو گی۔

فصلوں کی گرداوری اور ضلع کے کلکٹر کے احکامات کی تعمیل نمبرداروں پر لازم ہو گی۔ حکام کی جانب سے جاری سمنوں میں نمبردار سرکاری حکام کی معاونت کریں گے۔ کسانوں کو جدید کاشتکاری اوران کے بچوں کوسکولز کی جانب راغب کرنا بھی نمبرداری نظام کا حصہ ہو گا، سرکاری کھالے یا نہر میں شگاف یا چوری کی صورت میں اطلاع کرنا بھی نمبردار کے فرائض میں شامل ہو گا۔

Back to top button