پاکستان

پی ٹی آئی کے محمد خان لغاری پنجاب میں وزیراعلیٰ کے مضبوط امیدوار، ذرائع

پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے لیے سردار محمدخان لغاری تحریک انصاف کی طرف سے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی مشاورت جاری ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کل وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نام کا اعلان کریں گے۔
عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ پنجاب میں ایسا نوجوان وزیراعلیٰ لائیں گے جس پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہو۔
پنجاب میں وزیراعلیٰ کا نام اب تک سامنے نہیں آسکا ہے تاہم راجہ یاسر سمیت دیگر نام وزراتِ اعلیٰ کے لیے گردش کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق معروف پارلیمنٹیرین مقصود لغاری کے صاحبزادے سردار محمد خان لغاری پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آرہے ہیں۔
سردار محمد خان لغاری عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے ہیں وہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 192 ڈیرہ غازی خان 4 اور پی پی 292 ڈی جی خان 8 سے کامیاب ہوئے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ سردار محمد خان لغاری نے قومی اسمبلی کی نشست جیتنے کے باوجود حلف نہیں اٹھایا اور انہوں نے پارٹی کی ہدایت پر پنجاب اسمبلی کی نشست پر حلف اٹھایا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ سردار محمد خان لغاری کو تحریک انصاف کی طرف سے وزارتِ اعلیٰ کا مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا ہے تاہم حتمی اعلان عمران خان کریں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے اتحادی جماعت (ق) لیگ کے پرویز الٰہی کو نامزد کیا ہے۔

Back to top button