پاکستان

بچوں سے زیادتی کے ملزموں کوسرعام پھانسی دی جائے: سینیٹ کمیٹی ارکان

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ارکان نےبچوں سے زیادتی کے ملزموں کوسرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا، سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ سہیل ایاز  کو عبرت کا نشانہ بنانے تک جرائم میں کمی نہیں آئے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سائبرکرائم کے حکام نے بچوں سے زیادتی کے ملزم سہیل ایاز کے حوالے سے بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ ملزم سہیل ایاز چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے، 2008 میں وہ اسکاٹ لینڈ گیا اور وہیں سے اس نے گھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا، ملزم کے لیپ ٹاپ سے 112 ویڈیوز اور 2000 بچوں کی تصاویر ملی ہیں، زیادتی کا نشانہ بننے والے بچوں کی عمریں 6 سال سے 18 ماہ تک تھی۔

سائبر کرائم حکام کا کہنا تھا کہ اسکاٹ لینڈ میں ملزم سہیل ایاز کو چار سال تک سزا دی گئی، جبکہ اٹلی میں 9 ماہ کی سزا کے بعد ملزم کو پاکستان ڈی پورٹ کردیا گیا، حکام کا کہنا تھا کہ معاملے پر جے آئی ٹی بنائی جائے گی، ایف آئی اے کا بھی ڈارک ویب پر مکمل تعاون حاصل ہوگا۔

سینیٹر رحمان ملک نے بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ جب تک ایسے ملزموں کو عبرت کا نشانہ نہیں بنائیں گے اس گھناؤنے جرم میں کمی نہیں آئے گی۔

Back to top button