پاکستان

نواز شریف اور مریم عید جیل کے باہر اپنوں کے درمیان منائیں گے، شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف جلد جیل سے باہر ہوں گے اور امید ہے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی عید اپنے لوگوں کے درمیان منائیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 3 مرتبہ وزیراعظم بننے والے کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا، جیسا سلوک نوازشریف سے کیا گیا، کسی دہشت گرد سے بھی نہیں کیا گیا تاہم نوازشریف کے حوصلے بلند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف سےعدالت میں ملاقات کی ہے انہوں نے 14 اگست کی مبارکباد دی ہے جب کہ نوازشریف جلد جیل سے باہر ہوں گے اور امید ہے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی عید اپنے لوگوں کے درمیان منائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کو جن مقدمات میں سزا سنائی گئی اس کے صفحہ 171 پر بے گناہی لکھی گئی ہے جب کہ ٹرائل کورٹ نے نوازشریف اور مریم نواز کو کرپشن کیس سے کلیئر کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کو سامنے لائیں گے، دھاندلی زدہ الیکشن پر تمام لوگ اعتراض کر رہے ہیں اور پورا پاکستان سراپا احتجاج ہے جب کہ ہم ایوان میں تاریخی کردار اداکریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ متنازع اور دھاندلی شدہ الیکشن پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کریں گے، الیکشن کمیشن اپنے فرائض انجام دینے میں بری طرح ناکام رہا، ہم الیکشن کو تحفظ دینے پارلیمنٹ نہیں آئے، ہم جمہوریت کی خاطر پارلیمنٹ آئے ہیں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔

Back to top button