انٹرٹینمنٹ

پاکستان میں کن شخصیات نے دین کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔

شہرت اور دولت حاصل کرنا کس کا خواب نہیں ہوتا، ہر انسان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کی ایک منفرد شناخت ہو، ایک دنیا اسے جانے، وہ جہاں سے بھی گزرے لوگ مڑ مڑ کر اسے دیکھیں، ایک آٹوگراف لینے یا ایک سیلفی بنانے کے لیے اس کے آگے پیچھے گھومیں اور ایک بار ملاقات ضرور کرنا چاہیں۔ ہر کسی کی یہ خواہش پوری ہوجائے یہ تو ممکن نہیں لیکن شوبز انڈسٹری واحد ایک ایسی فیلڈ ہے جو راتوں رات انسان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیتی ہےاور پھر جب کسی کو ایک بارشہرت کی عادت پڑ جائے تو پھر اس کے لیے گم نامی کی زندگی میں واپس جانا خاصا مشکل ہوجاتا ہے۔

گلیمر کی اس چکا چوند دنیا میں جو بھی آتا ہے بس پھر وہ اسی میں کھو کر رہ جاتا ہے لیکن کچھ پاکستانی فنکار ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنے مذہب کے لیے اس وقت شوبز کی دنیا کو گڈ بائے بول دیا جب شوبز انڈسٹری میں ان کا عروج تھا۔ رابی پیرزادہ اور حمزہ علی عباسی کے علاوہ کن فنکاروں نے شوبز کو خیرباد کہا آپ بھی جانیے

سارہ چوہدری نےایک ایسے وقت میں مذہب کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا جب وہ مختلف مشہور ڈیزائنر برینڈز کی ضرورت بن چکی تھیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

سارہ چوہدری

چہرے پر بلا کی معصومیت اور بہترین انداز میں ڈائیلاگ بولنے والی سارہ چوہدری جنہوں نے ڈرامہ ’تیرے پہلو میں ‘ میں سمیع خان کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا اور ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا۔ دونوں کی ایک ساتھ منگنی کی خبریں بھی گردش کرتی رہیں لیکن یہ تعلق زیادہ دیر نہ چل سکا اور دونوں کے راستے جدا ہوگئے۔ 2001 میں اپنا شوبز کریئر شروع کرنے والی سارہ نےایک ایسے وقت میں جب وہ مختلف مشہور ڈیزائنر برینڈز کی ضرورت بن چکی تھیں دین کے لیے شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔

2012 میں وہ ایک ٹی وی شو میں نظر آئیں جس میں وہ باحجاب تھیں اور انہوں نے بتایا کہ ’قرآن اور حدیث کو سمجھ کر پڑھنے کے بعد میرے اور خدا کے درمیان جو دوری تھی وہ ختم ہوگئی اور میں اسلام کی اصل روح سے واقف ہوگئی ہوں۔‘

علی حیدر نے دس سال بعد صوفی گائیکی سے دوبارہ شوبز سے اپنا ناطہ جوڑا (فوٹو: سوشل میڈیا)

علی حیدر

پرانی جینز اور گٹار‘ سے مقبولیت پانے والے نوے کی دہائی کے سب سے مشہور پاپ گلوکار علی حیدر سے کون واقف نہیں، انہوں نے ایک طویل عرصے تک لوگوں خصوصاً نوجوانوں کے دلوں پر راج کیا لیکن پھر فن گائیکی سے دوری اختیار کرلی۔ بیٹے کی شدید بیماری کے دوران انہوں نے مذہب کی راہ اپنائی لیکن پھر دس سال بعد انہوں نے صوفی گائیکی کے ذریعے دوبارہ شوبز سے اپنا ناطہ جوڑا۔

وینا ملک

پاکستانی فلم انڈسٹری کی ٹاپ کی اداکارہ وینا ملک نے ناصرف فلموں میں کمال اداکاری کی بلکہ انہوں نے مختلف پروگراموں میں بطور میزبان بھی خود کو منوایا۔ ان کا شمار پاکستان کی بولڈ اداکاراؤں میں ہوتا تھا، وینا ملک نے 2010 میں انڈیا کے متنازع ریئلٹی شو ’بگ باس‘ میں بھی شرکت کی تھی جس میں بالی وڈ اداکار ایشمت پٹیل کے ساتھ ان کی دوستی کے کافی چرچے رہے تھے۔

شادی کے بعد وینا ملک کی زندگی یکسر تبدیل ہوگئی اور وہ مذہب کی طرف راغب ہوگئیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

انڈیا کے فیشن میگزین ’ایف ایچ ایم‘ کے لیے متنازع فوٹوشوٹ کروانے پر پاکستان میں ان پر کافی تنقید کی گئی جس کی وجہ سے وہ دبئی منتقل ہوگئی تھیں جہاں انہوں نے کاروباری شخصیت اسد بشیر خٹک سے شادی کرلی تھی۔ شادی کے بعد وینا ملک کی زندگی یکسر تبدیل ہوگئی اور وہ مذہب کی طرف راغب ہوگئیں۔

وینا ملک کی ازدواجی زندگی میں کئی اتار چڑھاؤ آئے اور دونوں میاں بیوی میں صلح کے لیے مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے بھی کردار ادا کیا لیکن اس کے باوجود دونوں میں علیحدگی ہوگئی۔

وینا ملک آج کل ایک نجی چینل پر گیم شو کی میزبانی کررہی ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر کافی ایکٹو ہیں۔

عروج ناصر

کامیڈی ڈرامہ ’فیملی فرنٹ‘ سے اپنے شوبز کریئر کا آغاز کرنے والی عروج ناصر نے مارننگ شو کی میزبانی بھی کی لیکن پھر یکدم ان میں تبدیلی دیکھنے میں آئی اور وہ  ٹی وی سکرین پر سکارف اور حجاب میں نظر آنے لگیں۔ انہوں نے مکمل طور پر شوبز کو خیرباد تو نہیں کہا لیکن اب وہ دینی پروگرامز میں ہی نظر آتی ہیں۔

کامیڈی ڈرامہ ’فیملی فرنٹ‘ سے شوبز کریئر کا آغاز کرنے والی عروج ناصر نے مارننگ شو کی میزبانی بھی کی (فوٹو:سوشل میڈیا)

نرگس

پاکستان کی ڈانسنگ کوئین نرگس جو ایک وقت میں اسٹیج ڈراموں کی ضرورت تھیں انہوں نے شوبز انڈسٹری کو اپنی زندگی کے بیس سال دینے کے بعد فیصلہ کیا کہ اب وہ شوبز چھوڑ کر مذہب کی راہ اختیار کریں گی۔ نرگس کچھ سال قبل ایک بار پھر سٹیج پر جلوہ گر ہوئی تھیں تاہم اس کے بعد انہوں نے پھر کنارہ کشی اختیار کرلی اور اب آج کل وہ لاہور میں اپنا بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں۔

نرگس آج کل لاہور میں اپنا بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

نور بخاری

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نور بخاری نے دو سال قبل شوبز سے قطع تعلق ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حجاب میں اپنی تصاویر شیئر کی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ نور بخاری اب نہ تو کسی فلم نہ ہی کسی ڈرامے میں کام کریں گی۔ اب وہ جب بھی گھر سے نکلیں گی حجاب پہن کر ہی نکلیں گی۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ نور بخاری نے دو سال قبل شوبز سے قطع تعلق ہونے کا اعلان کیا تھا (فوٹو:سوشل میڈیا)

عجب گل

فلم اور ٹی وی کے ورسٹائل اداکار عجب گل نے شوبز انڈسٹری پر کئی سال راج کیا۔ پشتو کے علاوہ اردو زبان کی فلموں میں بھی کام کیا اور کئی فلموں کے لیے ہدایتکاری کی۔ انہوں نے بھی اپنے کریئر کے عروج میں مذہب کی راہ کو چنا اور فیصلہ کیا کہ وہ اپنے ذہب کی تبلیغ کرتے ہوئے اپنی باقی زندگی گزاریں گے۔ejb

عجب گل نے پشتو کے علاوہ اردو زبان کی فلموں میں بھی کام کیا اور کئی فلموں کے لیے ہدایتکاری کی (فوٹو:سوشل میڈیا)

نجم شیراز

2000 میں پاکستانی میوزک انڈسٹری پر حکمرانی کرنے والے گلوکار نجم شیراز نے متعدد ہٹ گانے گائے لیکن جب انہوں نے’نہ تیرا خدا کوئی اور ہے‘ پڑھی تو اس کے بعد ان کی زندگی ہی بدل گئی۔ وہ منظر سے غائب ہوگئے اور اس کے بعد وہ ایک ٹی وی شو میں دکھائی دیئے جس میں انہوں نے بتایا کی کیسے مذہب نے ان کی زندگی تبدیل کردی۔ نجم شیراز بھی اب دینی پروگراموں میں ہی نظر آتے ہیں۔

ماضی کے گلوکار نجم شیراز بھی اب دینی پروگراموں میں ہی نظر آتے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

شازیہ خشک

’دانے پہ دانا‘ سمیت دیگر متعدد مقبول گیتوں میں اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگانے والی لوک فنکارہ شازیہ خشک نے بھی شوبز کو الوداع کہہ دیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف اردو اور سندھی گانوں بلکہ، بلوچی، پنجابی، سرائیکی، کشموری اور بروہی زبانوں میں بھی گانے گائے۔ انہوں نے حال ہی میں فن موسیقی کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا ہے۔

شازیہ خشک نے اردو اور سندھی سمیت بلوچی، پنجابی، سرائیکی، کشموری اور بروہی زبانوں میں بھی گانے گائے (فوٹو:سوشل میڈیا)

نیمل خاورخان:

اداکار حمزہ علی عباسی سے شادی کرنے والی پاکستانی اداکارہ نیمل خاور خان کے حوالے سے شادی کے 2 دن بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ نیمل خان نے 2 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم ’ورنا‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھاجس کے بعد وہ ’انا‘ نامی ڈرامے میں نظر آئی تھیں۔

اداکارہ نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی نے رواں سال 25 اگست کو سادگی سے شادی کی تھی (فوٹو:سوشل میڈیا)

جنید جمشید

جنید جمشید پاکستانی پوپ بینڈ وائٹل سائنس کے مرکزی گلوکار تھے ان کا گانا دل دل پاکستان آج بھی پاکستانیوں کے دل میں دھڑکتا ہے۔ انہوں نے2004 میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور وہ سکرین پر صوفیانہ کلام پڑھتے ہی نظر آتے تھے۔ جنید جمشید نے رمضان پروگرام کی میزبانی بھی کی۔ 2016 میں حویلیاں کے قریب پی آئی اے طیارہ حادثہ میں وہ ہلاک ہوگئے تھے۔

گلوکارہ رابی پیرزادہ

گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی نامناسب تصاویراور ویڈیوز لیک ہونے کے بعدخود پر ہونیوالی تنقید کے بعد شوبز سے مکمل علیحدگی کا فیصلہ کیا اب اپناوقت اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے صرف کریں گے۔

Back to top button