پاکستان

ٹی وی چینلز کو موٹروے ریپ سے متعلق خبر نشر کرنےسے منع کردیا گیا

 پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے لاہور سیالکوٹ موٹروے اجتماعی بداخلاقی کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کر دی۔چیئرمین پیمرا کی طرف تمام نشریاتی اداروں کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موٹروے بداخلاقی کیس کی میڈیا کوریج نہیں کی جائے گی۔مراسلے کے مطابق اس معاملے کی کوریج پر پابندی کا فیصلہ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے حکم پر کیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق کیس میں ایک ملزم گرفتار جبکہ دوسرا مفرور ہے، اس لیے تمام ٹی وی چینلز بداخلاقی کیس کے متعلق خبریں دینا روک دیں۔

خیال رہے کہ تفتیشی افسر ذوالقرنین چیمہ کی جانب سے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں مذکورہ واقعے کی میڈیا کوریج پر پابندی کا کہا گیا تھا۔ انہوں نے مؤقف اپنایا تھا کہ یہ واقعہ ایک گھناؤنا جرم تھا اور میڈیا مذکورہ کیس میں غیرمحتاط کوریج میں ملوث رہا، ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ میڈیا رپورٹنگ پولیس کی جانب سے اب تک حاصل کیے گئے ثبوت کو نقصان پہنچائے گی اور اسے ختم کردے گی۔ ذوالفقار چیمہ کا عدالت میں مزید کہنا تھا کہ واقعے کی میڈیا کوریج مرکزی ملزم کی گرفتاری میں مشکلات پیدا کر رہی۔

Back to top button