پاکستان

پولیس کا وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے چھاپہ

لاہور: پولیس نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پرحملےمیں ملوث وزیراعظم عمران خان کےبھانجےحسان نیازی کی گرفتاری کےلیےان کے گھر چھاپہ مارا۔ حسان نیازی گھر پر موجود نہیں تھے ،پولیس گرفتاری میں ناکام رہی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے  پی آئی سی حملے میں ملوث  وکلا کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے ،تاہم اسی سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی گرفاتری کے لیے ان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا ،تاہم حسان نیازی اپنے گھر پر موجود نہ تھے ،جس کے باعث پولیس انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی ۔حسان نیازی پی آئی سی کے باہر توڑ پھوڑ میں ملوث تھے ۔
قبل ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پورے پاکستان نے وکلا کو توڑ پھوڑ کرتے دیکھا،حفیظ اللہ نیازی کا بیٹا قانون کی گرفت میں آئے گا،حسان اللہ نیازی کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے قانون کو طاقتور بنایا۔

واضح رہے کہ وکلا کی جانب سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں دھاوا بولا گیا تھا، اس دوران پی آئی سی میدان جنگ بن گیا ۔وکلا کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا اور ہسپتال میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔وکلا نےاس دوران ہوائی فائرنگ بھی کی اور پولیس موبائل کو بھی آگ لگا دی،جبکہ صوبائی وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

Back to top button