پاکستان

اسٹیج ڈراموں میں پولیس کی وردی پہننےپر پابندی

لاہورمیں اسٹیج فنکاروں پہ پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ اداکاری کے دوران پولیس کی وردی نہیں پہنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیج فنکاروں پریہ پابندی پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک مراسلے میں عائد کی گئی ہے۔

پنجاب پولیس کے اے آئی جی آپریشنزنے صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کوایک مراسلہ بھیجا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اگر فنکاروں نے اسٹیج پہ اداکاری کے دوران پولیس کی وردی کا استعمال کیا تو ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

پنجاب پولیس نے موقف اختیار کیا کہ فحش اسٹیج ڈراموں میں پولیس کی وردی کا استعمال کیا جارہا ہے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے یہ اقدام سٹیزن پورٹل پر درج کرائی جانے والی شکایت پر اٹھایا گیا ہے۔

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ پنجاب پولیس کی جانب سے بھیجے جانے والے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فحش اسٹیج ڈراموں میں پولیس کی وردی کا استعمال کیا جارہا ہے جب کہ قانوناً فحش اسٹیج ڈراموں کے پیش کیے جانے کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہے۔ گزشتہ روز ہی اے سی شالیمار نے ایک بیہودہ رقص کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے محفل تھیٹر کو سیل کیا ہے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اگر اسٹیج ڈرامے میں کوئی فحش عنصر نہ ہو تو کیا فنکاروں کو پولیس کی وردی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی؟

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل شہریوں کی جانب سے سٹیزن پورٹل پر سب سے زیادہ شکایات کے انبار پنجاب پولیس کے خلاف لگائے گئے تھے۔

Back to top button