علاقائی

دائرہ دین پناہ،کوٹ ادو،سنانواں اور محمودکوٹ میں پولیس کا سرچ آپریشن

بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد 7 ملزمان گرفتار

مظفرگڑھ: سرکل کوٹ ادو پولیس کا ڈی ایس پی کوٹ ادو امجد جاوید کی سربراہی میں ٹارگٹڈ  سرچ آپریشن،بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد 7 ملزمان گرفتار ڈی پی او کی ہدایات پر پولیس ہر مجرم اشتہاری اور مفرور کے گھر پر ہفتے میں ایک بار ضرور دستک دیگی قانون امیر و غریب سب کیلئے برابر ہے کسی کو رعائت نہیں دی جائیگی۔
تفصیل کے مطابق ڈی پی او محمد حسن اقبال کی ہدایات پر ڈی ایس پی کوٹ ادو امجد جاوید کی نگرانی میں پولیس کا مختلف تھانوں کی حدود میں ٹارگٹڈ گرینڈ سرچ آپریشن کیا گیا۔ سرچ آپریشن تھانہ سٹی کوٹ ادو، سنانواں، دائرہ دین پناہ اور تھانہ محمودکوٹ کے علاقوں میں کیا گیا۔
پولیس نے مختلف علاقوں سے ناجائز اسلحہ 5 عدد پستول، ریپیٹر اور 12 بور بندوق برآمد ہونے پر 7 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ پولیس تھانہ سنانواں نے قتل کے مقدمہ کے مجرم اشتہاری کو بھگانے میں مدد دینے پر ملک عبدالرحمان کو گرفتار کر کے تھانہ سنانواں میں مقدمہ درج کردیا۔
ڈی پی او مظفرگڑھ کا کہنا تھا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے غریب امیر کا فرق نہیں رکھا جائیگا۔ جسطرح غریب مجرم اشتہاری کی گرفتاری کیلئے پولیس اقدامات کرتی ہے اسی طرح امیر مجرم اشتہاری کی گرفتاری کیلئے بھی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ضلع بھر میں ہر مجرم اشتہاری کے خلاف پولیس کاروائ کرے گی۔ مجرم اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کے پاس اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔

Back to top button