بین الاقوامی

پاکستان کی معیشت نے گذشتہ چند ماہ میں قابل ذکر ترقی کی: آئی ایم ایف

پاکستان میں موجود آئی ایم ایف کے وفد نے مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف قرض پروگرام کے طے کردہ تمام اہداف پورے کیے ہیں۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دسمبر تک تمام شعبوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ توقعات سے بھی بہتر رہا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معیشت نے گذشتہ چند ماہ میں قابل ذکر ترقی کی، مستحکم اقتصادی پالیسوں سے اصلاحات کے عمل میں تیزی لائی گئی۔ آئی ایم ایف نے تسلیم کیا ہے کہ گذشتہ سال دسمبر تک تمام شعبوں میں کاکردگی بہتری رہی۔

آئی ایم ایف نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان سے بات چیت مثبت رہی اور مالیاتی خسارہ کم ہوا۔ اعلیٰ سطحی وفد نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایکس چینج ریٹ حقیقت کےقریب ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی میں ایکس چینج ریٹ کےاثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں۔

 پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے وزرات خزانہ کے ترجمان عمر حمید خان نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا اسٹاف لیول وفد جائزہ مذاکرات مکمل کرکے روانہ ہوگیا ہے۔

ترجمان کے مطابق آئی ایم ایف کا اسٹاف لیول وفد نے دسمبر تک اقتصادی کارکردگی کو اہداف کے مطابق قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دسمبر تک کی سہ ماہی میں اسٹرکچرل بینچ مارک بھی حاصل ہوئے ہیں۔

 عمر حمید خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئی ایم ایف کے وفد نے اعتراف کیا ہے کہ ہر شعبے میں پیش رفت ہوئی ہے اور کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔

Back to top button